• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرح خان کا بزنس دیکھنے والے 4 افراد کو نوٹس جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین  اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان سے متعلق تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے فرح شہزادی کا بزنس دیکھنے والے 4 افراد کو نوٹس جاری کردیے۔

نیب نے مظاہر بیگ، وقار، آصف اور منیر کو نوٹس دیے ہیں۔

نوٹس کے مطابق نیب نے چاروں افراد کو 30 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

 نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ انکوائری میں پتہ چلا ہے آپ کے پاس ملزمہ فرح خان سے متعلق ثبوت، ریکارڈ موجود ہے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ فرح خان کی جانب سے کیے گئے جرائم کے ثبوت اور  ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہوں۔

نوٹس ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور بینش نعمان کے دستخط سے جاری کیے گئے ہیں، جس میں چاروں افراد کو ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور عدیل احمد کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیب نے اعلیٰ حکام سے فرح خان کی طلبی کے نوٹس ارسال کرنے کی درخواست کی تھی اور  فرح خان کی فوری طلبی کے لیے مقامی ایڈریس پر کال اپ نوٹس ارسال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کے خلاف ریکارڈ کے حصول کے لیے 100 سے زائد مراسلے جاری کیے تھے، مراسلے سرکاری اور نجی اداروں کو ارسال کیے گئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید