مشہور بھارتی پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور رائٹر ہنسل مہتا نے 54 سال کی عمر میں طویل عرصے سے اپنی پارٹنر سفینہ حسین کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ کر انہیں اپنا جیون ساتھی بنا لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ یہ خوشخبری شیئر کرکے انہوں نے سب کو حیران کردیا۔ ہنسل مہتا کی شادی کی تصاویر پر بھارتی شوبز شخصیات کے زبردست کمنٹس آرہے ہیں۔
راجکمار راؤ، منوج باجپائی، وشال بھاردواج، انوبھو سنہا، شیف رنویر برار سمیت کئی شخصیات نےدونوں کو شادی کی مبارکباد دی۔
پرتیک گاندھی نے کمنٹ کیا کہ ’یہ پیار ہے اور یہ قابل ترغیب بھی ہے‘ اور اس کے ساتھ انہوں نے دل والا ایموجی بھی شیئر کیا۔
ہنسل مہتا نے کئی تصاویر کے ذریعے مداحوں کو سفینہ حسین کے ساتھ شادی کی جھلک دکھائی، تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہنسل اور سفینہ دونوں شادی کے دستاویزات پر دستخط کر رہے ہیں۔
ہنسل مہتا نے لکھا کہ ’زندگی میں ہمیشہ کی طرح یہ بھی اچانک تھا حالانکہ ہماری دعائیں سچی تھیں، آخر کار پیار باقی سب چیزوں پر حاوی ہوجاتا ہے۔‘
شادی کے دن ہنسل مہتا جہاں ہلکے براؤن کلر کے کوٹ اور ٹی شرٹ میں نظر آئے تو وہیں سفینہ نے گلابی رنگ کا شلوار قمیض پہنا۔
اس دوران ان کے خاندان انہیں دعائیں دینے کے لئے وہاں موجود تھی۔
واضح رہے کہ ہنسل مہتا کی یہ دوسری شادی ہے، پہلی شادی انہوں نے سنیتا مہتا سے کی تھی جس سے ان کے دو بیٹے ہیں۔
خیال رہے کہ سفینہ ایک سماجی کارکن اور ایک غیر منافع بخش تنظیم کی بانی ہیں، وہ آنجہانی اداکار یوسف حسین کی صاحبزادی ہیں۔