وزیراعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری کیلئے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان اور سرکاری افسران کو فری پیٹرول کی کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 60 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) افسران کے پیٹرول میں 40 فیصد کٹوتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کا پیٹرول کم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کی سروسز وہیکل کے پیٹرول میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی، یہ اقدام مہنگائی کی شرح اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مد نظر رکھ کرکیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پوری قوم کو کفایت شعاری کو فروغ دینا ہوگا، ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے ہم سب کو کوششیں کرنا ہوں گی۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی صوبائی وزراء اور مشیران کا پیٹرول 40 فیصد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرکے پیٹرول، ڈیزل 30، 30 روپے لیٹر مہنگا کیا ہے۔
اس اضافے کے بعد ڈیزل 204.15، پیٹرول 209.86 اور مٹی کا تیل 181.94 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔