کراچی سے باہر جاکر شادی کرنے والی دعا زہرہ کے والد نے بیٹی کی عمر کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی نے سیکریٹری صحت کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ دعا زہرہ کا والدین کی موجودگی میں دوبارہ میڈیکل کروایا جائے۔
مہدی کاظمی نے اپنے خط میں کہا کہ دعا زہرہ کی عمر کی تصدیق کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، جعلی میڈیکل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ جعلی میڈیکل رپورٹ کو فوری منسوخ کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس دعا زہرہ کی عمر سے متعلق تمام دستاویزات موجود ہیں، دعا کی تاریخ پیدائش 27 اپریل 2008 ہے۔
مہدی کاظمی کا کہنا تھا کہ ہمیں دعا زہرہ سے ملنے کی اجازات بھی نہیں دی گئی، جبکہ کیس کے تفتیشی افسر ڈی این اے کروانے سے بھی کترا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دعا زہرہ کی عمر کا تعین کرلیا گیا، سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر کیے گئے ٹیسٹ میں سامنے آیا کہ دعا زہرہ کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے۔