راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی گزشتہ روزمختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد ناموس رسالت مارچ اور ریلیوں کے علاوہ تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر قائدین نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں نے مودی کی شہ پر توہین رسالت کی، شاتمان رسالت کی سزا تک پوراعالم اسلام ہندوستان سے سفارتی اورتجارتی تعلقات ختم کرے اوران کی تمام پروڈکٹس کابائیکاٹ کیاجائے۔ تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام گزشتہ روز لیاقت باغ سے فیض آباد تک تحفظ ناموس رسالت مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔مارچ فیض آباد کے مقام پر جلسے کی صورت اختیار کر گیا۔تحریک لبیک پاکستان شمالی پنجاب کے امیرپیر سید عنایت الحق سلطانپوری نے کہا ہے کہ بی جے پی کی گستاخ کو سزا ملنے تک مسلم ممالک بھارت کا معاشی بائیکاٹ کریں۔ تحریک حرمت رسولؐ کے زیر اہتمام بھی بھارتی حکمران جماعت کی رہنماء کی جانب سے پیارے رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے خلاف احتجاجی ریلی کنونیئر تحریک حرمت رسول ضلع راولپنڈی پروفیسر ہارون کی قیادت میں مرکز القدس سے لیاقت باغ چوک تک نکالی گئی ۔ریلی سے اللّٰہ اکبر تحریک راولپنڈی زون کے صدر رانا عبدالرحمان ،پروفیسر ہارون ،یوتھ رہنماء حافظ ثناء اللہ ، حافظ علی احمد ،پی این پی کے چئیرمین ملک شہیر حیدر ودیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ مسلمان اپنے نبیؐ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام نریندرمودی اور اس کے حواریوں کی جانب سے گستاخی رسول ﷺ اور اسلام دشمنی کے خلاف منعقدہ مارچ کی قیادت صوبائی سیکرٹر ی جنرل اقبال خان،ڈپٹی سیکریٹری جنرل رسل خان بابر،امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی اورصوبائی سیکرٹری اطلاعات انعا م الحق اعوان نے کی جبکہ جمعیت علما اسلام (ف)کے زیر اہتمام چوہڑ چوک راولپنڈی کینٹ میں ناموس رسالت ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت قاضی عبدالرشید، مولانا عبدالمجید ہزاروری اور مفتی اویس عزیز نے کی ۔دربار موہڑہ شریف میں منعقدہ تحفظ ناموس رسالت کانفرنس سے پیر مجتبیٰ فاروق گل بادشاہ،صاحبزادہ عمر اور قاری محمدشفیع نے خطاب کیا ۔آستا نہ عا لیہ محمدیہ قادریہ قلندریہ گلشن آ با د شریف میں پیرسرکارجی کی صدارت میں منعقدہ تحفظ ختم نبوت و نا موس رسالت کانفرنس سے صاحبزادہ محمدشفیق الرحمٰن قادری،پروفیسرندیم القادری اورعلامہ عبدالشکورفاروقی سمیت جید علما کرام نے خطاب کیا۔