کہتے ہیں’’ صُبح کا آغاز اچھا ہو، تو پورا دِن اچھا گزرتا ہے اور اگر اچھا ناشتا کرنے کی عادت ہو، تو پھر تا عُمر صحت بھی اچھی رہتی ہے۔‘‘ عام طور پر امیّاں ہی صُبح سویرے اُٹھ کر گرما گرم ناشتے کا اہتمام کرتی ہیں، لیکن آج چوں کہ فادرز ڈے ہے، تو اس موقعے پر آپ اپنے ہاتھوں سے والدِ محترم کے لیے مزے دار سا ناشتا بنا کر اُن کے دِن کا ایک اچھا سا آغاز کر سکتی ہیں، جب کہ تراکیب، حسبِ معمول ہماری جانب سے پیش ہیں۔ ان میں سے جو چاہیں، ٹرائی کرلیں۔
چیز آملیٹ
اجزاء: انڈے چار عدد، تازہ دودھ تین کھانے کے چمچ، کالی مرچ (کُٹی ہوئی) آدھاچائے کا چمچ، چیڈر پنیر (کدّوکش کرلیں) آدھا کپ، پالک (کاٹ لیں) دو پتّے، مَش رومز(کاٹ لیں) چار عدد، نمک حسبِ ذائقہ اورتیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک باؤل میں انڈے، دودھ، کالی مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ پھر پین میں تیل گرم کرکے انڈوں کا آمیزہ ڈالیں اور ہلکی آنچ پر 5منٹ تک پکنے دیں۔ پھر اس میں پالک اور مَش رومز ڈال کے چند سیکنڈ پکا کر آملیٹ کے ایک جانب پنیر رکھ دیں۔ اب ایک منٹ تک پکا کر اسے دہرا کرلیں۔ لیجیے، مزے دار آملیٹ تیار ہے۔
انڈا، مٹر مِکس آملیٹ
اجزاء: انڈے (پھینٹ لیں)چار عدد، پیاز (باریک کاٹ لیں) درمیانے سائز کا ایک عدد، ٹماٹر (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، مٹر(نمک ڈال کر اُبال لیں) آدھی پیالی، سُرخ مرچ پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر حسبِ ذائقہ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچ، چاٹ مسالا ایک چوتھائی چائے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، سبز دھنیا (باریک کٹا ہوا)ایک کھانے کا چمچ اور تیل دو کھانے کے چمچ۔
ترکیب: پین میں تیل گرم کرکے انڈوں کے علاوہ تمام اجزاء ڈال کر خوب اچھی طرح فرائی کرلیں۔ آخر میں پھینٹے ہوئے انڈے ڈال کر چار منٹ تک مسلسل بھون کر چولھا بند کر دیں۔
چیزایگ ٹوسٹ
اجزاء: انڈےتین عدد، بریڈ چار سلائسز، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، ٹماٹر (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، سبز مرچ (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، شملہ مرچ (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، نمک حسبِ ذائقہ،کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، موزریلا چیز دو کھانے کے چمچ اور تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک باؤل میں انڈے، نمک، کالی مرچ پاؤڈر، شملہ مرچ ،ٹماٹر، سبز مرچ، پیاز اور موزریلا چیز ڈال کر اچھی طرح مِکس کرلیں۔ اس کے بعد سلائسز درمیان سے کاٹ لیں اور ایک پین میں تیل گرم کرکے انڈے کے آمیزے میں سلائسز ڈبو کر گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔
مال پوڑا
اجزاء: سوجی آدھا کپ، چینی آدھا کپ، انڈے چار عدد، الائچی (پِسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، پانی حسبِ ضرورت، زردہ رنگ ایک چوتھائی چائے کا چمچ، سوڈا آدھا چائے کا چمچ، تیل فرائی کرنے کے لیے، بالائی یا ربڑی حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک پیالے میں میدہ، سوجی، چینی، انڈے، زردہ رنگ، الائچی اور پانی ڈال کر گوندھ لیں اورڈھک کر چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں ، پیڑے بنانے سے قبل اس میں سوڈا شامل کردیں۔ پھر پیڑے بنا کر چھوٹی ٹکیوں کی طرح بیل کر فرائی کرلیں۔ جب تمام مال پوڑے فرائی ہوجائیں تو ٹرے میں رکھ کربالائی یا ربڑی کے ساتھ سرو کریں۔
عربی پراٹھا
اجزاء: میدہ دو کپ، قیمہ تین سو گرام، انڈے دو عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، چائنیز نمک آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ہری مرچ(باریک کاٹ لیں) تین عدد، ہری پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، نمک آدھا چائے کا چمچ، دودھ حسبِ ضرورت گوندھنے کے لیے، ہرا دھنیا (دھو کر باریک کاٹ لیں) آدھی گڈی اور تیل فرائنگ کے لیے۔
ترکیب: میدے میں نمک ڈال کر دودھ کے ساتھ گوندھ لیں۔ اب ایک برتن میں پانی لے کر اس میں قیمہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں ،جب پانی خشک ہوجائے، تو اجینو موتو ، کالی مرچ(آدھا چائے کا چمچ)، ہرا دھنیا، ہری پیاز اور ہری مرچ ڈال کر مِکس کریں اور ایک منٹ پکا کرچولھا بند کردیں۔اس کے بعدایک باؤل میں انڈے، کالی مرچ(آدھا چائے کا چمچ) اور نمک ڈال کر پھینٹ لیں۔
پھر تیل گرم کرکے انڈے کا آمیزہ ڈال کر پکا لیں۔ بعدا زاں، میدے کے چھوٹے پیڑے بناکر بیل لیں۔ پھر ایک پراٹھے پر پہلے قیمہ اور پھر انڈے کا آمیزہ ڈال کر دوسرا پراٹھا رکھ کر چاروں طرف سے بند کرکے دوبارہ بیلیں اور گرم توے پر تیل کے ساتھ فرائی کرلیں۔ (عفّت علی، کراچی)