متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر وسیم اختر نے کہا ہے کہ جن حالات سے ایم کیو ایم پاکستان گزری ہے اور گزر رہی ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔
لانڈھی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے کارکنان آج ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہو رہے ہیں۔
سابق میئر کراچی نے کہا کہ پی ایس پی اور پیپلز پارٹی سے لوگ ایم کیو ایم میں شامل ہوئے ہیں۔ ہم نے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور فضل الرحمان سے معاہدے کراچی کی بہتری کے لیے کیے ہیں۔
وسیم اختر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے بلدیاتی اختیارات سے متعلق حکمنامہ پر عملدرآمد کروانا مطالبے میں شامل ہے، جو غلط فہمیوں کا شکار ہو کر دیگر جماعتوں میں چلے گئے ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام چھینی ہوئی سیٹیں اور چھینے گئے حقوق واپس لینے کی باری ہے۔ جو ایم کیو ایم سے غلطیاں ہوئیں اس سے سبق سیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔