• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی: عطا تارڑ کی موجودگی پر ہنگامہ، اسپیکر کا باہر جانے کا حکم

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ کی موجودگی پر ہنگامہ ہوگیا، اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے انہیں باہر جانے کا حکم دیا، تاہم انہوں نے باہر جانے سے انکار کردیا۔

اسمبلی میں اجلاس کے دوران رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ ایوان میں ایک اجنبی گھس آیا ہے، اسے باہر نکالا جائے، جس پر اسپیکر نے سوال کیا کہ وہ اجنبی کون ہے؟

چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ عطا تارڑ اجنبی ہیں وہ اس ایوان میں نہیں بیٹھ سکتے، اسپیکر نے عطا اللّٰہ تارڑ کی ایوان میں موجودگی پر رولنگ دے دی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ بہتر ہے تارڑ صاحب کو با عزت طور پر باہر چھوڑ آئیں، انہیں ایوان سے جانا پڑے گا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے  سارجنٹ ایٹ آرمز کو عطا تارڑ کو ایوان سے باہر لے جانے کا حکم دیا، تاہم حکومتی ارکان عطا اللّٰہ تارڑ کے سامنے آگئے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عطا تاڑر ایوان سے فوری نکل جائیں، آپ کو یہاں دیکھنا نہیں چاہتا، 9 یا 10 لوگ عطا تاڑر کے پاس جائیں اور انہیں باہر چھوڑ کر آئیں۔

رکن اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا کہ عطا تاڑر کے بارے میں آپ نے کہا کہ وہ باہر جائیں تو وہ باہر جائیں، عطا تاڑر  نے باہر جانے سے انکار کردیا۔

قومی خبریں سے مزید