• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست کی سماعت کا تحریری حکم نامہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

تحریری حکم نامے کے مطابق ورثاء کا موقف ہے کہ پوسٹ مارٹم سے عامر لیاقت کی قبر کی بے حرمتی ہوگی، کوئی شک نہیں ہے کہ ورثاء عامر لیاقت کی قبر کے وارث ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آنا چاہیے، پس پردہ حقائق سامنے آنے چاہئیں۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پولیس سرجن کے مطابق لاش کے بیرونی معائنے سے موت کی اصل وجہ پتہ نہیں چلتی، یہ بات واضح ہے کہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جس کے باعث یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ موت طبعی ہے یا نہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ پوسٹ مارٹم ناگزیر ہے تاکہ شکوک و شبہات ختم ہوسکیں۔

 عدالت نے سیکریٹری صحت کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کردی، میڈیکل بورڈ پوسٹ مارٹم کی تاریخ کا تعین کرے گا، میڈیکل بورڈ کی تشکیل سے متعلق عدالت کو بھی آگاہ کیا جائے۔

 عدالت نے ایس ایچ او بریگیڈ کو تمام انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔

قومی خبریں سے مزید