• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں گستاخی کیخلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی ریلی

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی،نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گزشتہ روز کچہری چوک میں بھارت میں بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ اور توہین آمیز الفاظ کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ایڈووکیٹ سکندرہ، نائب صدر آنسہ مہناز ستی نے کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء کی جانب سے بھارت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آنسہ مہناز ستی، تسلیم عباسی، جویریہ عنبرین قریشی، ثمن شاہین ایڈووکیٹ، سنبل مینول ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر محمد ارشد مجید، جنرل سیکرٹری ملک مبشر اور دیگر نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے پیارے نبیؐ کی شان میں گستاخانہ اور توہین آمیز الفاظ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرنے پر نوپور شرما کو عالمی دہشت گرد قرار دیا جائے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبردار کہلانے والوں کی خاموشی پر معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے حکومت فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرے۔ سیکرٹری ملک مبشر رفاق نے ریلی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شان مصطفیٰ میں گستاخی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت میں حضورؐ کی شان میں توہین آمیز بیانات ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ شان اقدس کے جرم میں محض پارٹی عہدیداروں کو معطل کرنا اور نکال دینا ہی کافی نہیں ہے، بھارت توہین کے مرتکب مجرموں کو قرار واقعی سزا دے اور پوری امت مسلمہ سے معافی مانگے۔ دیگر مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارت کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کرے اور بھارتی سفیر کو فی الفور ملک بدر کیا جائے۔ بعد ازاں نوپور شرما کیخلاف ایک قرارداد اقوام متحدہ کے مبصر آفس آسلام آباد میں جمع کروائی گئی۔
اسلام آباد سے مزید