مختلف ملکوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
بھارتی وزارتِ صحت کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 12 ہزار 899 کیسز اور 15 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت میں 113 دنوں بعد پہلی بار ایک دن میں 13 ہزار کے قریب کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 855 ہو چکی ہے جبکہ اب تک 4 کروڑ 32 لاکھ 96 ہزار 692 کورونا مریض سامنے آ چکے ہیں۔
جرمنی میں حالیہ چند روزکے دوران کورونا سے روزانہ اموات کی تعداد 50 سے 130 تک جا پہنچی ہیں۔
اس صورتِ حال کے بعد جرمنی نے اکتوبر سے مارچ تک دکانوں اور ریسٹورنٹس میں ماسک پھر سے لازم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
جرمنی میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر اب تک 1 لاکھ 40 ہزار 292 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ 2 کروڑ 72 لاکھ 4 ہزار 478 کورونا مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
تھائی لینڈ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 22 اموات اور 1 ہزار 892 کورونا کیسز رپورٹ ہیں۔
تھائی لینڈمیں اب تک 30 ہزار 470 کورونا مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ 44 لاکھ 99 ہزار 44 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں۔
شمالی کوریا میں بخار کے 19 ہزار 320 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم شمالی کوریا کے حکام نے بخار کے نئے کیسز میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد نہیں بتائی ہے۔
ادھر امریکا کے قومی سلامتی امور کے مشیر جیک سلیوان بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق جیک سلیوان صدر جو بائیڈن کے ساتھ قریبی رابطے میں نہیں تھے۔
واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 8 کروڑ 79 لاکھ 81 ہزار 568 ہو چکی ہے جبکہ اب تک اس سے 10 لاکھ 38 ہزار 289 اموات واقع ہوئی ہیں۔