عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہاں گئی ان کی ’ووٹ کی عزت؟‘ اب کہتے ہیں جس کو ایجنسیاں کلیئر کریں گی اس کو نوکری ملے گی۔
راولپنڈی میں لال حویلی کے باہر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ حکومت ایک سازش کے تحت آئی ہے، ہم ان چوروں ڈاکوؤں، بد معاشوں کو نہیں مانتے، چور اور ڈاکو ایک سازش کے تحت آئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ باہر سے آنے والی ترسیلات کم ہوگئی ہیں، یہ جماعتیں پہلے کہتی تھیں مہنگائی ہو رہی ہے، اب ڈالر مہنگا، کارخانے بند اور پیٹرول کی قیمت بڑھ گئی۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے ہیں یہ سازش نہیں مداخلت تھی سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے، ان چوروں کا اتحاد عمران خان کے خلاف ہے، لندن میں بیٹھا شخص اب پاکستان کیوں نہیں آرہا؟
شیخ رشید نے کہا کہ ان چوروں کا کوئی نظریہ نہیں، یہ گندے انڈے ہیں، انہوں نے سوچا اپنے کیسز ختم کریں گے 11 بندے ان کے تحقیقات کی پاداش میں مر گئے، لوٹوں کی اسمبلی پر لعنت بھیجتا ہوں۔