پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے امریکا میں ہونے والی تقریب میں بھارتی فنکاروں کی آمد کا سُن کر شرکت سے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن (اے پی پی این اے) نے امریکی ریاست نیو جرسی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں شرکت کے لیے پاکستانی فنکاروں سمیت بھارتی فنکاروں کو بھی مدعو کیا گیا تاہم عدنان صدیقی نے تقریب میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی۔
عدنان صدیقی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’دنیا بھر کے لاتعداد مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے، میں امریکا میں APPNA (اے پی پی این اے) کی تقریب میں شرکت نہیں کروں گا جہاں کچھ بھارتی فنکاروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے‘۔
اداکار نے کہا کہ ’میں بھارتی فنکاروں کے خلاف نہیں ہوں لیکن میرا ضمیر مجھے اجازت نہیں دیتا کہ میں بھارتی لیڈروں کے ہاتھوں پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین کو نظر انداز کروں‘۔
واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما نے گستاخانہ بیان دیا تھا جس کے بعد دُنیا بھر میں اُمتِ مسلمہ کی جانب سے شدید ردّعمل دیا گیا تھا۔