پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ احسن اقبال کو سمجھنا ہوگا ملک کو ’حسنِ خطاب‘ نہیں ’حسن کارکردگی‘ درکار ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے خطاب پر ردِعمل دیتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ قوم جس وژن 2025ء کا چرچا سنتی تھی اس میں سے این آر او دوم برآمد ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ صدرِ مملکت کی بھرپور مخالفت کے باوجود وژن 2025ء والوں نے احتساب کو باضابطہ دفن کیا۔
اسد عمر نے کہا کہ آج امریکی سازش کی چھتری تلے اس گروہ کو آین آر دوم کا پروانہ دیا گیا، اس شرمناک این آر او دوم کے ہر کردار کو قوم کبھی فراموش کرے گی نہ معاف کرے گی۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ 3 ماہ پہلے تک بجلی پوری اور سستی تھی جبکہ معیشت 6 فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل کے ملک گیر احتجاج نے واضح کردیا کہ یہ لوگ زیادہ عرصہ اقتدار پر گرفت برقرار نہیں رکھ پائیں گے۔