پری مون سون بارشوں کے نئے سلسلے نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جل تھل ایک کر دیا۔
بلوچستان کے ضلع کوہلو اور گردونواح میں رات گئے موسلا دھار بارش کے بعد سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔
مختلف ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب آنے کے بعد سوناری کے مقام پر قومی شاہراہ کا حصہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے کوہلو کا کوئٹہ سمیت اندرونِ بلوچستان سے زمینی رابطہ کٹ گیا۔
بارکھان میں بادل برسے اور اولے بھی پڑے، کوہلو کے علاوہ موسیٰ خیل، شیرانی، ڈیرہ بگٹی، ہرنائی، ژوب، دکی اور کوہِ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔
کوہلو کی تحصیل ماوند و ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ۔
سیلابی ریلے سے سوناری کے مقام پر جزوی بحال ہونے والا قومی شاہراہ کا حصہ پانی میں بہہ جانے اور کوہلو کا کوئٹہ سمیت اندرونِ بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو جانے کے بعد شہریوں کو کوہلو کوئٹہ قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق سوناری نالہ اور منجھرا میں اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجۂ حرارت وادیٔ کوئٹہ میں آج 21 ڈگری سینٹی گریڈ ، زیارت میں 12، بارکھان میں 15، ژوب میں 16، قلات میں 17، سبی میں 22، خضدار میں 24، لسبیلہ میں 25 اور گوادر میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آج کوئٹہ، سبی، کوہلو، زیارت، چمن، ہرنائی، لورا لائی اور شیرانی میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات، خضدار اور لسبیلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کاامکان ہے جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔