سرگودھا( نامہ نگار ) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن سرگودھا میں تعینات افسران و ملازمین کی غفلت ‘لاپرواہی سمیت من پسند شخصیات کو نوازنے کی وجہ سے 2014-15ء کے بجٹ میں آمدن کی مد میں ٹی ایم اے کو 11 کروڑ روپے خطیر رقم کے خسارے کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ٹی ایم اے سرگودھا نے 2014-15ء کے سالانہ بجٹ میں آمدن کیلئے 68 کروڑ روپے کا بجٹ تیار کیا تھا۔ جس میں مختلف اُمور کی مد میں ٹی ایم اے کو 57 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔ اس بجٹ کے مطابق ٹی ایم اے کو 11 کروڑ روپے کی خطیر رقم کا نقصان پہنچایا گیا۔ جس کے ذمہ داری ٹی ایم اے میں تعینات مختلف برانچوں کے افسران و ملازمین ہیں۔ اس بجٹ کے مطابق ٹی ایم اے کو ٹی ٹی آئی پی، ٹی ایم اے کی ملکیتی دکانوں، بلڈنگ برانچ، آوارہ جانوروں کی فیسیں، کیٹل مارکیٹ، ناکارہ سامان کی نیلامی، انکروچمنٹ برانچ، روڈ ٹیکس چارجز، درختوں کی نیلامی، پانی کی فراہمی، لینڈ ٹرانسفرو دیگر ذرائع سے آمدنی کی مد میں کروڑوں کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔