پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف سے کپڑے بیچ کر مہنگائی ختم کرنے کے منصوبے سے متعلق سوال پوچھ لیا۔
اپنے بیان میں اسد عمر نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کا کپڑے بیچ کر مہنگائی ختم کرنے والا منصوبہ ختم ہوگیا؟
اسد عمر نے کہا کہ میاں صاحب خدا کا واسطہ ہے، حبیب جالب کو معاف کریں، آپ کا حبیب جالب سے اتنا ہی تعلق ہے جتنا جو بائیڈن کا گوالمنڈی سے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی نے اسمبلی سے باہر بیٹھ کر بجٹ پیش کیا، ن لیگ والے کہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہونے والا تھا، ن لیگی حکومت میں زر مبادلہ ذخائر ساڑھے 9 ارب ڈالر تھے، ہمارے دور میں زر مبادلہ ساڑھے 16 ارب ڈالر تک بڑھا، اب ہمارے زر مبادلہ ذخائر 8 اعشاریہ 2 ارب ڈالرز پر آگئے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ یہ ہے دیوالیہ پن جو آپ کے آنے کے بعد ہوا ہے، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہوشرُبا اضافہ کیا گیا ہے۔