• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا روس کیخلاف G7 ممالک کی پابندیوں کا اعلان

جرمنی میں جی سیون اجلاس جاری ہے جس کے دوران امریکا نے روس کے خلاف جی سیون ممالک کی جانب سے پابندیوں کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ جی سیون ممالک کی پابندیاں روس کی دفاعی صنعت کو ہدف بنائیں گی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ پابندیاں روس کی مغربی ٹیکنالوجی تک رسائی محدود کر دیں گی، امریکا بھی جارحانہ طور پر روسی دفاعی سپلائی چین کو نشانہ بنائے گا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکا روس کی فوجی سامان تبدیل کرنے کی صلاحیت محدود کر دے گا۔

وائٹ ہاؤس کا یہ بھی کہنا ہے جی سیون رہنماؤں کی جانب سے روسی برآمدات پر ٹیرف یوکرین کی مدد کے لیے استعمال کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق جی سیون اجلاس میں روسی تیل کی درآمدات پر پرائس کیپ لگانے پر پیش رفت ہوئی ہے۔

امریکی حکام کا مزید کہنا ہے کہ روسی تیل کی درآمدات پر پرائس کیپ کے معاملے پر جی سیون رہنماؤں سے گفتگو حتمی مرحلے میں ہے۔

امریکی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جی سیون رہنما روسی تیل پر گلوبل پرائس کیپ لگانے کے میکنزم کے حوالے سے جلد فیصلہ کر لیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید