کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں دو روز کے دوران تین افراد کے قتل سے متعلق پولیس تفتیش میں متعدد انکشافات سامنے آگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پرسوں رات شہریوں کے ہاتھوں ڈاکو قرار دے کر مارا گیا شخص جرائم پیشہ نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جن دو افراد کو تشدد کر کے زخمی کیا گیا وہ بھی جرائم پیشہ نہیں تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق تشدد کے شکار افراد کی پہلے تکرار اور پھر جھگڑا ہوا تھا، جن سے تکرار اور جھگڑا ہوا انہوں نے لوگوں کو ڈاکو بتا کر تشدد پر اکسایا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ موقع سے ملنے والے پستول کے دو خول فارنزک کے لیے بھجوا دیے ہیں، واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں مشتعل ہجوم کےخلاف درج کیا گیا ہے۔
ڈاکو قرار دے کے مارے گئے شخص کے جنازے کے بعد چند افراد واقعہ کی جگہ گئے، ان افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور نعرے لگائے۔
ہنگامہ آرائی اور نعرے لگانے والوں پر فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
پولیس حکام نے مزید کہا کہ مکمل تحقیقات کے بعد جامع رپورٹ کل تک کراچی پولیس چیف کو دی جائے گی۔