پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کبھی بھی نہیں تھے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ ہمارا اور عوام کا موقف درست ثابت ہوا، پیسوں کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کیا گیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ خوشی ہے یہ لڑائی تحریک انصاف نے لڑی، آج تک پنجاب میں حکومتی مشینری کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ غیر قانونی طور پر ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں، مسلم لیگ ن کو پنجاب کے ضمنی الیکشن میں شکست نظر آرہی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عدالت نے کہا الیکشن میں اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امید ہے عدالتی فیصلے کے مطابق پنجاب کی حکومت چلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے جب سیاسی بحران اس نہج پر پہنچ جائے تو عوام سے رجوع کیا جاتا ہے۔