وزیراعظم شہباز شریف نے حکم دیا ہے کہ انڈسٹریل بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کے انرجی سپلائی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
لاہور میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں معاون انڈسڑیل اور ایکسپورٹ سیکٹر کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء خرم دستگیر، سالک حسین، نوید قمر، مرتضیٰ محمود، وزیرِ مملکت مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر ملک احمد خان، متعلقہ وزارتوں کےحکام اور ٹیکسٹائل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے صنعت کار بھی اس اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بزنس مین کا نمائندہ گروپ متعلقہ وزراء سے ملاقات کرے اور مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کے مسائل کے فوری حل میں پاکستان کی معاشی بقا پوشیدہ ہے، ان سیکٹرز کی مدد سے مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے صرف گیس پر چلنےوالے کارخانوں کے لیے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی پالیسی پر نظرِ ثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی فراہمی سے برآمدات کی پیداواری ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔