• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔

کراچی میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، آج صبح سے کراچی کے علاقے محمود آباد، کورنگی، گلشنِ حدید، گلشنِ اقبال، یونیورسٹی روڈ، پہلوان گوٹھ، گلستان جوہر، سرجانی، اورنگی ، ناردرن بائی پاس، حسن اسکوائر، ناظم آباد، لائنز ایریا، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، یونیورسٹی روڈ، شارع فیصل، ایئرپورٹ اور سپرہائی وے سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مشرق کی جانب سے مون سون سسٹم کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے، آئندہ 2 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ پورے شہر میں پھیل سکتا ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کا بتانا ہے کہ بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ ہے، نیٹی جیٹی پل، لیاقت آباد، پی ایف بیس پر ٹریفک کا دباؤ ہے، بلوچ کالونی اور قیوم آباد چورنگی پر بھی بارش کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں عید کے دنوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود ہے، مون سون ہوائیں داخل ہو رہی ہیں، سندھ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون سسٹم داخل ہو رہا ہے۔

کراچی، ٹھٹھہ، بدین، عمر کوٹ، میر پور خاص، حیدر آباد اور تھر پارکر میں بھی آج موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

رواں ہفتے کے آخر میں مون سون ہواؤں کے سلسلے میں مزید شدت آنے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 جولائی تک آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان  ہے۔

اس دوران کہیں موسلا دھار اور کہیں معتدل بارش کا بھی امکان ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ہوا کا کم دباؤ سندھ کے جنوب میں موجود ہے، اس ہوا کے کم دباؤ کو شمالی بحیرۂ عرب سے نمی مل رہی ہے، بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے بھی ہوا کے اس کم دباؤ کو سپورٹ بھی مل رہی ہے۔

اس کم دباؤ کے باعث کراچی میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ 9 جولائی تک شہر میں بارشوں ہو سکتی ہے، بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں برساتی پانی بھی جمع ہوسکتا ہے۔

آج صبح کراچی کے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار کے باعث یوپی موڑ اور شادمان ٹاؤن نالا اُبل پڑا جبکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

تیز بارش کے سبب یونیورسٹی روڈ پر بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔

گزشتہ دن کی بارش کے بعد کی صورتِ حال:

گزشتہ روز کی بارش کے بعد شہر کی بیشتر سڑکوں سے پانی نکال دیا گیا ہے جبکہ کچھ مقامات پر بارش کا پانی تاحال موجود ہے۔

سندھ اسمبلی کے سامنے منسٹرز آفس کے داخلی راستے اور ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما اور گرو مندر کے قریب بارش کا پانی موجود ہے۔

قومی خبریں سے مزید