وزیر اطلات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان صرف اقتدار چاہتے ہیں، اقتدار کے لیے وہ دھمکیاں دے رہے ہیں، اُن کے پاس جو راز ہیں وہ قوم کے سامنے لائیں۔
سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی گرفتاری اینٹی کرپشن سندھ کی وجہ سے ہوئی ہے، حلیم عادل پر کئی مقدمات درج ہیں، کوئی احتساب سے بالاتر نہیں ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اتحادیوں کے کیس ہیں، قانون اپنا راستہ لے گا، الزامات جھوٹے ہوں گے تو عدالت سے رہا ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں سینیٹ کے الیکشن کا عمل جاری ہے، پی ٹی آئی نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے، 5 بجے کے بعد یہ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کا رونا روئیں گے۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سیاست کریں، اداروں کے خلاف گھناؤنی حرکتیں نہ کریں، عمران خان کے اہلِ خانہ کی کچھ ریکارڈنگ سامنے آئی ہیں، یہ کونسی گھریلو خاتون تھیں جو وزیرِ اعلیٰ لگواتی تھیں۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو رات گئے لاہور کے نجی ہوٹل سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔