امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہی کھوٹے سکّے کے دو رُخ ہیں۔
منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک و ملت معاشی بحران کا شکار ہے، حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی، غربت اور انتشار کی آگ میں جھونک دیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے آزادی چھین کر قوم کو امریکا اور آئی ایم ایف کا غلام بنایا، آج ملک میں ہر طرف مایوسی اور ناامیدی کے اندھیرے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دیانتدار اور مخلص قیادت صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے، عوام چوروں لٹیروں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو کرپشن کی دلدل سے نکالنے کے لیے قوم اٹھ کھڑی ہو۔