رہنما پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں حکومتی مشینری استعمال ہو رہی ہے، الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر شکایت کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے چشتیاں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی طاقت کے استعمال کے باوجود تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، ایک ماہ میں پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات سنگین صورت اختیار کر گئے ہیں، اللّٰہ نہ کرے پاکستان میں سری لنکا جیسے حالات پیدا ہو جائیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم عمران خان کا بیانیہ تسلیم کر چکی ہے، پہلے سازش کے تحت مداخلت پھر عدم اعتماد کے ذریعے شب خون مارا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار لوٹوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ عام انتخابات میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔