• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی انتخابات میں شیر کا مقابلہ پنجاب دشمن عمران خان سے ہو گا، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 17 جولائی کے ضمنی انتخابات میں شیر کا مقابلہ پنجاب دشمن عمران خان اور اُس کی لائی ہوئی مہنگائی، نااہلی، کرپشن اور انتشار سے ہے۔

لیہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فتنہ خان پنجاب کی تباہی کا سب سےبڑا منصوبہ ہے، وہ کہتا تھا کہ 90 دن میں کرپشن ختم کروں گا، پہلا حکمراں دیکھا ہے جس نے پنجاب کو لوٹنے کے لیے گھر کی خواتین کو استعمال کیا، یہ کیسا جہاد ہے جس کا فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے عمران خان نے فرح گوگی اور بشریٰ پیرنی کو رکھا ہوا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ مردان ڈوب گیا، صوابی ڈوب گیا اور عمران خان یہاں پنجاب کو ڈبونے آگیا، اگر پنجاب میں یہ صورتحال ہوتی تو شہباز، حمزہ، مریم سب آپ کی خدمت میں موجود ہوتے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف نے سی پیک بنایا جو پاکستان کی ترقی کا سب سے بڑا منصوبہ تھا، نواز شریف نے سی پیک بنایا، عمران خان نے جی پیک بنایا، جی پیک یعنی گوگی، پیرنی، اکنامک کوریڈور۔

مریم نواز نے کہا سوال کیا کہ عمران خان مہنگائی آسمان پر تھی تو تمہیں رونا نہیں آیا؟ اب عوام کے رونے کے دن ختم تمہارے رونے کے دن شروع ہوگئے، مشکل فیصلے جتنے کرنے تھے کر لیے اب اچھے دن آ گئے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوں گی، چار سال میں فتنہ خان نے ایک بار بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم نہیں کیں، قیمتیں اس وقت کم کیں جب اس کی حکومت جانے لگی۔

 مریم نواز نے کہا کہ فتنہ خان کو پتہ چلا کہ شہباز شریف پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے والا ہے تو کل جلسے میں کہتا ہے کہ شہباز شریف قیمتیں کم کرو، او بھائی تمہارا  قیمتیں کم کرنے سے کیا تعلق ہے، بیگانے کی شادی میں عبداللّٰہ کو دیوانہ ہونے کی ضرورت نہیں، اب ملک میں ترقی کا پانچواں گیئر لگے گا۔

قومی خبریں سے مزید