• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آصف زرداری لاہور عمران خان سے اجازت لیکر جائیں؟ شازیہ مری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ کیا آصف زرداری لاہور اتحادیوں سے ملنے عمران خان سے اجازت لیکر جائیں؟

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ کل ملتوی کر دیا گیا، پیپلز پارٹی سے بغض رکھنے والے پیپلز پارٹی اور سندھ کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ہمیں گالی کا جواب گالی سے دینا نہیں آتا۔

شازیہ مری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کیا ہے، سندھ حکومت نے یہ التواء نہیں مانگا بلکہ کوشش کی کہ انتخابات بر وقت ہوں، سندھ حکومت نے جون کے مہینے میں بھی التواء نہیں مانگا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان اخلاقی طور پر دیوالیہ پن کا شکار ہیں، جب انہیں نشہ نہیں ملتا تو انہیں آصف زرداری یاد آتے ہیں، عمران خان جھوٹ کا منبع ہیں، ان کا ہر شخص جھوٹ بولتا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ امپورٹڈ امپورٹڈ کی رٹ لگانے والے کے بچے یہاں کے شہری نہیں، فادرز ڈے پر عمران خان کو ان کی اولاد تک یاد نہیں کرتی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ عمران خان کیلفورنیا کی عدالت کے مفرور ہیں، مذہب کو سیاست میں شامل نہ کریں، ہم تم سے زیادہ اچھے مسلمان ہیں، یہ قوم کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کیوں بچنا چاہتے ہیں، اس کیس میں یہ ترلے منتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے چوری کی ہے اس لیے ڈرتے پھرتے ہیں، ان کی پوری زندگی کے کرتوت اور آوارہ گردی سب کے سامنے ہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے معاملات میں پیپلز پارٹی کی کوئی شراکت نہیں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سے جس زبان میں بات کرو گے اسی زبان میں جواب دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید