• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باپ بیٹا فوری طور پر استعفیٰ دے دیں: حماد اظہر

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ باپ اور بیٹے کے پاس نہ مرکز نہ صوبے میں اکثریت ہے، 3 ماہ پہلے کہا تھا کہ معاملات آپ سے نہیں سنبھلیں گے، آپ فوری طور پر اقتدار سے الگ ہو جائیں، باپ بیٹا فوری طور پر استعفیٰ دے دیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ملک میں نافذ کیا گیا بیرونی رجیم چینج آپریشن اپنی موت مرتا نظر آئے گا، ہمیں عوام نے حکومت بنانے کا مینڈیٹ دیا، 85 سیٹوں والے کو سازش کے ذریعے وزیرِ اعظم بنایا گیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں جو ہوا سب عوام نے دیکھا، پنجاب میں جسے 3 ماہ سے وزیرِ اعلیٰ بنایا ہوا ہے اس کے پاس اکثریت نہیں، الیکشن کمیشن خاموش رہا اور ہم نے ظلم برداشت کیے، عوامی مداخلت پر یہ رجیم چینج آپریشن ناکام ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ ضمیر کے سوداگر ووٹ خریدنے کئی روز پنجاب میں قیام پذیر رہے، سنا ہے ڈپٹی اسپیکر ملک سے فرار ہونے کا سوچ رہے ہیں، تمام وکلاء متفق ہیں کہ پارلیمانی پارٹی ہی فیصلہ کرتی ہے، سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف ایسا ٹرینڈ چلایا گیا جس کی مثال نہیں ملتی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ 3 ماہ پہلے بھی عمران خان اور پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اقتدار سے الگ ہو جائیں، آج بھی الگ ہوجائیں تو حالات میں بہتری آ سکتی ہے، پہلے اداروں پر حملہ کرتے ہیں پھر مراعات حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا خیال ہے کہ زرداری کا پیسہ لوگوں کو خرید لے گا، یہ سمجھتے ہیں رانا ثناء اللّٰہ کو دکھا کر لوگوں کو ڈرا لیں گے، موجودہ حکومت پر مقامی اور عالمی منڈیوں کو اعتماد نہیں۔

حماد اظہر نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کا اقتدار میں رہنا پاکستان اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے، جن لوگوں نے شب خون مارنا تھا، چور دروازے سے مسلط ہونا تھا وہ مایوس ہیں، جب نظام تبدیل ہو گا تو ظلم و زیادتی کرنے والے فرار ہونے کی کوشش کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید