مؤلفہ: ڈاکٹر ذکیہ رانی
صفحات: 176، قیمت: 440روپے
ناشر: آداب انٹرنیشنل۔
مؤلفہ ممتاز شاعر، نقّاد اور سابق صدر، شعبہ اُردو، جامعہ کراچی، ڈاکٹر شاداب احسانی کی ہونہار شاگردہ ہیں۔ وہ ان دِنوں جامعہ کراچی کے شعبۂ اُردو سے بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر وابستہ ہیں۔ زیرِتبصرہ کتاب کچھ ترمیم اور اضافے کے ساتھ شایع ہوئی ہے، جس میں مؤلفہ کی محنت نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کتاب کا انتساب بھی اپنے استاد ڈاکٹر شاداب احسانی کے نام کیا ہے۔ اس کتاب میں سر سیّد احمد خان کی حیات اور عہد کی تجدید و نوعیت، نہایت اختصار اور جامعیت کے ساتھ کی گئی ہے۔
آخری حصّے میں ’’سیّدیات‘‘ یعنی سرسیّد احمد خان کے حوالے سے شایع شدہ اہم کتب اور رسائل و جرائد کے ’’سر سیّد نمبر‘‘ کا تذکرہ بھی کردیا گیا ہے، تاکہ اس جہت پر تحقیق کرنے والوں کی بھی معاونت ہوسکے۔ یہ ایک حوالہ جاتی کام ہے، اِسے میکانیکی حوالہ جاتی بُک سے بھی تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ سر سیّد کی یہ توقیت، ثقہ ماخذات سے تیار کی گئی ہے۔ اختلافی امور میں تعلقات کا اضافہ اس کتاب کی اضافی خُوبی ہے۔
بلاشبہ زیرِ تبصرہ کتاب سر سیّد احمد خان پر لکھی جانے والی کتابوں میں گراں قدر اضافہ ہے۔ ڈاکٹر شاداب احسانی، ڈاکٹر انوار احمد، ڈاکٹر خواجہ محمّد اکرام الدین، ڈاکٹر وفا یزدانی منش اور ڈاکٹر احمد علی کے مضامین سے بھی اس کتاب کی افادیت اور مؤلفہ کی محنت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔