• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم

فوٹو بشکریہ عمران خان / انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ عمران خان / انسٹاگرام

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے ججز کو قانون و آئین کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

عمران خان نے تحریر کیا کہ ججز ہر قسم کی دھمکیوں اور بد زبانی کے باوجود ڈٹے رہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر علی ظفر اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

عمران خان نے تحریر کیا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف بڑی تعداد میں نکلنے پر میں عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے ایک اور پیغام میں کہا کہ کل شام پاکستان بھر کے عوام کے ساتھ اظہار تشکر کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی تحریر کیا کہ حقیقی آزادی کی مہم میں ساتھ کھڑے رہنے والوں کے ہمراہ اللّٰہ کا شکر ادا کریں گے۔

واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں وزیراعلیٰ پنجاب قرار دے دیا، جس کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں رہے۔

عدالت نے 11 صفحات پر مشتمل اس مختصر فیصلے میں قرار دیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے۔

عدالتِ عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں، آج رات 11:30 تک پرویز الہٰی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لیں۔

عدالت نے گورنر پنجاب کو پرویز الہٰی سے وزارتِ اعلیٰ کا حلف لینے کی ہدایت کی۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ اگر گورنر پنجاب حلف نہیں لیتے تو صدر مملکت پرویز الہٰی سے حلف لیں۔ 

قومی خبریں سے مزید