مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں، جہاں صدر مملکت ان سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے۔
سپریم کورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب الیکشن کیس کے فیصلے کے بعد گورنر محمد بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الہٰی سے حلف لینے سے معذرت کی تھی۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، چوہدری پرویز الہٰی سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے۔
اعلامیے کے مطابق پرویز الہٰی کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں رات 2 بجے ہوگی، اس حوالے سے ایوان صدر کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے حکم پر چوہدری پرویز الہٰی خصوصی طیارے سے لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب عدالتی حکم کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے۔