• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: 1 سرنج سے 30 بچوں کو ویکسین لگانے کا انکشاف

ایک سرنج سے 30 بچوں کو ویکسین لگانے والا ویکسینیٹر
ایک سرنج سے 30 بچوں کو ویکسین لگانے والا ویکسینیٹر

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کے دوران سنگین لاپروائی کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک اسکول کے 30 طالب علموں کو ایک ہی سرنج سے ویکسین لگائی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک طالب علم کے پریشان والدین کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویکسینیٹر جتندر کو انتظامیہ کی جانب سے ایک سرنج یہ کہہ کر دی گئی کہ تمام بچوں کو اسی سے ویکسین لگائی جائے۔

ویڈیو بنانے والے والدین کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب جتندر نے اپنی غلطی تسلیم کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کر رہا تھا اور ایک ہی سرنج سے اب تک 30 بچوں کو ویکسین لگاچکا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے سنگین لاپروائی اور ’ایک سرنج ایک بار‘ کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر جتندر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویکسین اور دیگر سامان مہیا کرنے کے ذمے دار ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر راکیش روشن کے خلاف بھی کارروائی شروع کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید