منکی پاکس کا شکار ہونے والا پہلا بھارتی مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو گیا ہے۔
بھارتی ریاست کیرالہ کی وزیرِ صحت وینا جارج کے مطابق بھارت میں منکی پاکس کا سب سے پہلا کیس کیرالہ میں سامنے آیا تھا جس کا ترواننت پورم کے مقامی سرکاری میڈیکل کالج میں علاج کیا گیا۔
وزیر صحت وینا جارج کے مطابق چونکہ یہ بھارت میں منکی پاکس کا پہلا کیس تھا اس لیے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی (NIV) کی ہدایات کے مطابق 72 گھنٹوں کے وقفے سے مریض کے دو بار ٹیسٹ کیے گئے۔
وینا جارج کے مطابق کیرالہ کے علاقے کولام سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ مریض کے تمام نمونے دوبارہ لیے جانے پر منفی آئے ہیں اور اب مریض جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل صحت مند ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وائرس کے حملے کے نتیجے میں مریض کی جِلد پر پڑنے والے دھبے بھی مکمل طور پر ٹھیک ہیں، آج مریض کو اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔
وزیرصحت کے مطابق مذکورہ مریض کے خاندان کے افراد کے ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی منکی پاکس کا پہلا مریض بیرون ملک سے سفر کر کے کیرالہ واپس آیا تھا اور منکی پاکس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد سے اسپتال میں داخل تھا۔
یاد رہے کہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق منکی پاکس ایک ’زونوسس‘ وائرل (جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والا وائرس) ہے جس کی علامات چیچک کے مریضوں میں سامنے آنے والی علامات سے ملتی جلتی ہیں۔