ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ 2022ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، اس ٹورنامنٹ میں فائنل سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان دو میچز ہوں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایشیا کپ 2022ء کے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق کرکٹ کی دنیا کی دو بڑی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹاکرا رواں ماہ 28 اگست کو ہوگا۔
ایشیا کپ 27 اگست سے شروع ہوگا جبکہ ابھی ہی سے کرکٹ کے متوالوں کی پاک بھارت ٹاکرے پر نظریں جمی ہوئی ہیں، پاک بھارت میچز کے لیے ناصرف دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین بلکہ سینئر کرکٹرز بھی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔
بھارت کے مشہور سابق کھلاڑی وسیم جعفر کی جانب سے بھی ایشیا کپ 2022ء کے دوران پاک بھارت کے درمیان ہونے والے میچز پر میم شیئر کی گئی ہے۔
میم کے کیپشن میں وسیم جعفر نے ایک مختصر سی ویڈیو کے ذریعے بتایا ہے کہ پاک بھارت کے درمیان دونوں میچز کے دن براڈکاسٹرز کی حالت کیسی ہوگی۔
میم پر مبنی مختصر سی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بے چینی کے عالَم میں اِدھر اُدھر دیکھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ اے سی سی کے شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا اور 28 اگست کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی جبکہ 2 ستمبر کو پاکستان ٹیم کوالیفائر ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔
پہلے مرحلے کے بعد دونوں گروپس سے 2، 2 ٹیمیں سپر فور میں جگہ بنائیں گی جس میں ہر ٹیم 3 میچز کھیلے گی۔
سپر فور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 4 ستمبر کو متوقع ہے جبکہ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو ہوگا۔