چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بھارت کےخلاف افتتاحی میچ جیتنے پر ٹیم پاکستان کو مبارکباد اور شاباش دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شاہ زیب خان نے بہترین بیٹنگ کرکے سنچری اسکور کی اور جیت کی بنیاد رکھی۔ عثمان خان نے بھی بہترین بلے بازی کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی متحد ہو کر کھیلے اور کامیابی حاصل کی۔ امید ہے کہ انڈر 19 ٹیم آئندہ میچوں بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔
خیال رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے بھارت کو 43 رنز سے شکست دے دی۔ پہلے شاہ زیب نے بھارتی بولرز کی درگت بنائی پھر بولرز نے بھارتی بیٹرز کی ایک نہ چلنے دی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی انڈر 19 ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 281 رنز بنائے، شاہزیب خان نے 159 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 238 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔