• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت، اپوزیشن ایک دوسرے پر وار، جرم ثابت ہوگیا، صدر علوی، عمران خان پارٹی چھوڑیں، حکومتی اتحاد

اسلام آباد(ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل)ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے پر وار کرنے شروع کردیئے ‘.

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اتحادیوں کو ہدایت کی ہے کہ فارن فنڈنگ کیس پر عمران خان کی نا اہلی کیلئے 48 گھنٹے میں ریفرنس سپریم کورٹ بھیجیں جبکہ حکمراں اتحاد کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان پر فرد جرم عائدہوچکی ‘جرم ثابت ہونے پر صدر علوی اور عمران خان پارٹی سے استعفیٰ دیں.

 2013 کے بعد کی فنڈنگ کا بھی حساب لینگے‘عمران خان الیکشن کمیشن کے فیصلے کی رو سے صادق اور امین نہیں رہے ،کذاب اور خائن بن چکے ہیں‘عمران خان اورپارٹی عہدیداران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے‘ وفاقی کابینہ آج عمران خان کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیگی۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہائوس میں پی ڈی ایم اجلاس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا عمران خان کو نااہل کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں آرٹیکل62اور 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا جائیگا.

 (ن)لیگ کے قائد نواز شریف کے ساتھ غیر رسمی مشاورت کے بعد ریفرنس دائر کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع نے بتایا ہے وفاقی کابینہ آج ممنوعہ فنڈنگ کیس پر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیگی ‘تحریک انصاف کے بے نامی اکاؤنٹس اور کرمنل مقدمات سے متعلق کارروائی کا فیصلہ بھی کیا جائیگا۔عمران خان اور دیگر قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے متعلق بھی کابینہ آج فیصلہ کریگی۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان اورتحریک انصاف پر فردجرم عائد ہوچکی ‘ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی کو غیرملکی فنڈنگ ہوئی ہے۔

عمران خان اب صادق اور امین نہیں رہے بلکہ کذاب اور خائن بن چکے ہیں‘صاف نظر آرہا ہے کہ عمران خان نے ریاست اور ریاست کی عمارت زمین بوس کرنے کیلئے عالمی سطح پر مدد حاصل کی ہے، عمران خان نےریاست کو اکھاڑ پھینکنے اور ملک کے خاتمے کیلئے اقتدار حاصل کیا۔یہ ثابت ہوگیا ہے وہ غیرملکی کٹھ پتلی ہے.

فنڈ دینے والے شہریوں کا تعلق اسرائیل، بھارت، امریکا، کینیڈا، ڈنمارک اور فن لینڈ سمیت کئی ممالک سے ہے۔فضل الرحمٰن نے کہا کہ ʼعمران خان خود ہوں یا ڈاکٹر عارف علوی ہوں، ان کو فوری طور پر اپنی پارٹی کے عہدے اور ملک کی صدارت سے استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ یہ اب مجرم ثابت ہوچکے ہیں.

پارٹی کے 4ملازمین کو نجی اکاؤنٹس میں ملک سے اندر اور باہر سے پیسہ آیا ہوا لہٰذا ان کو گرفتار کر کے ان سے مزید تفصیلات لی جائیں۔ریاست کی بقا کیلئے ریاست کے دفاع کے تمام ذمہ داران، اداروں، تمام قوتوں اور تمام تنظیموں کو یک جان ہو کر اس ملک کی فکر کرنی چاہیے۔

اس قسم کے جرائم پیشہ طبقوں کو ملک کی سیاست سے اکھاڑ باہر پھینکیں، تاریخ میں ایک عبرت کی علامت بنا دینا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں اس قسم کے لوگوں کے انجام سے عبرت حاصل کریں۔

 ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کو آئندہ 48 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ بھیجنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نواز شریف نے ہدایت کی ہےکہ سپریم کورٹ سے استدعا کی جائےکہ اس ریفرنس کو فل کورٹ سنے۔

 نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصرکے ایجنڈے پر عدم استحکام پیدا کرنے والوں سےکوئی رعایت نہ برتی جائے، عمران خان سی پیک کو رول بیک اور کشمیرکا سودا کرنے میں بھی براہ راست ملوث ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتحادی جماعتیں ملک بھر میں تحریک انصاف کے خلاف مل کر جلسےکریں گی۔ 

اہم خبریں سے مزید