• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے شنکر کو دعوت دیں گے وہ ہمارے کارکنوں سے خطاب کریں، بیرسٹر سیف


خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو پی ٹی آئی کے ڈی چوک کے احتجاج میں شرکت اور کارکنوں سے خطاب کی دعوت دے دی۔

جیو نیوز کے  پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے  کہا کہ ہم جے شنکر کو دعوت دیں گے کہ وہ بھی ہمارے احتجاج میں شرکت کریں اور ہمارے کارکنوں سے خطاب کریں، اور دیکھیں پاکستان کی جمہوریت کتنی مضبوط ہے جہاں ہر کسی کو احتجاج کا حق حاصل ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ڈی چوک پہنچیں گے، محسن نقوی کو چائے پلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی چوک پر ہم احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج ختم ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ وزیر داخلہ غلط بات کر رہے ہیں، ہم اسلحہ کیوں لائیں گے۔

بیرسٹر محمد علی سیف کا مزید کہنا تھا کہ پر امن احتجاج ہمارے مفاد میں ہے، اگر کچھ ہوگا تو یہ لوگ خود ذمہ دار ہوں گے۔ ہم فوج سے کیوں مقابلہ کریں گے، ہمارا ان سے جھگڑا نہیں، انکا احترام کرتے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہم ڈی چوک میں احتجاج کریں گے جو ہمارا حق ہے، فوج تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لیے نہیں آ رہی، ایس سی او کی سیکیورٹی کے لیے آ رہی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج کا حق سب کو ہے۔ محسن نقوی غلط بات کر رہے ہیں، ہمیں ملک کی پرواہ ہے، آرٹیکل 17 اور 15 موجود ہے تو ہمیں احتجاج کی آزادی ہے۔

قومی خبریں سے مزید