وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کے معاملے پر شکوہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم پی اے احمد کنڈی، محسن نقوی، احسن اقبال اور احد چیمہ بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور فیصل کریم کنڈی کی ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت پر چڑھائی کےلیے کروڑوں روپے کا ساز و سامان خریدا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے دوران گفتگو وزیراعظم سے صوبےکے معاملے میں وفاقی حکومت کی غیر سنجیدگی پر شکوہ کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کو تحریک انصاف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر نے وزیراعظم سے صوبے کے معاملات میں دلچسپی لینے کی درخواست کی اور موجودہ صورتحال پر قابو پانے کےلیے مختلف آپشنز دیے اور کہا کہ وفاقی حکومت ہمیں سپورٹ دے تو ہم تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دوران ملاقات گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو اگلے ہفتے صوبے کے دورے کی دعوت دی۔