بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اس مہینے پاکستان آئیں گے۔
بھارتی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جے شنکر اسلام آباد میں ہونے ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ میں شرکت کریں گے۔
بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے وفد کے ساتھ آئیں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
اس سے پہلے دسمبر 2015 میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کےلیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
سابق سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کے دورے سے زیادہ توقعات وابستہ نہ کی جائیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ جے شنکر کا دورہ طرفہ نہیں، وہ ایک کثیرالملکی اجلاس میں آرہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا پاکستان کی دعوت قبول کرنا مثبت ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے دورے سے زیادہ توقعات وابستہ نہیں کرنی چاہیئں، وہ باہمی تعلقات میں بہتری یا برصغیر میں امن کی بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں اس وقت کے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے تلخ کلامی کی گئی لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے۔