ملتان، گوجرانوالہ، بہاولنگر، حیدرآباد، میرپور خاص، نوشہرو فیروز، خیرپور، گلگت سمیت مختلف شہروں میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس نکالے گئے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ملتان میں 8 محرم الحرام کا جیل موڑ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، تھلہ سادات پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ در سجاد سے برآمد ہوا، جس کے راستوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
بہاولنگر، بہاولپور، چنیوٹ سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس نکالے گئے، جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئے۔
حیدرآباد میں 8 محرم کا مرکزی جلوس لطیف آباد 8 نمبر امام بارگاہ سجادیہ سے برآمد ہوا۔
جلوس کے شرکاء نے شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو یاد کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
میرپورخاص میں 8ویں محرم کا علم و زوالجناح اور مرکزی ماتمی جلوس اسٹیشن چوک سے نکالا گیا۔
نوشہرو فیروز، ٹنڈو محمد خان، خیرپور سمیت دیگر علاقوں میں بھی مجالس ہوئیں اور جلوس برآمد ہوئے۔
گلگت میں ماتمی جلوس مختلف مقامات سے برآمد ہوئے، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے مجینی محلہ امام بارگاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔