پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ برٹش ملٹری اکیڈمی میں ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
برطانوی وزارت دفاع کے مطابق جنرل باجوہ نے آج منعقد ہونے والی سوورین پریڈ فار کمیشنگ کورس 213 میں ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کی، سینڈہرسٹ ملٹری اکیڈمی میں منعقد تقریب میں درجنوں ممالک کے فوجی سربراہان بھی شریک تھے۔
پریڈ میں جنرل باجوہ کے ساتھ ڈی جی، آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور ملٹری اتاشی کرنل رانا آصف خان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ رائل ملٹری اکیڈمی کی بنیاد 1741 میں وُلچ میں آرٹلری اور انجنیئرز کی تربیت کے لیے قائم کی گئی تھی، دوسری جنگ عظیم کے بعد رائل ملٹری اکیڈمی اور رائل ملٹری کالج کو ضم کرکے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ قائم کردی گئی۔
سینڈہرسٹ میں پہلی کمیشنگ پریڈ 14 جولائی 1948 کو منعقد ہوئی تھی۔
اس اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے والوں میں 208 برٹش کیڈٹس کے علاوہ 26 ممالک کے 41 انٹرنیشنل آفیسرز کیڈٹس بھی شامل تھے۔
وزارت دفاع کے مطابق سی سی 213 میں تربیت مکمل کرنے والوں میں پاکستانی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔