• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 2022 کی سب سے بڑی چوری کا مرکزی ملزم گرفتار

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کراچی میں 2022 کی سب سے بڑی چوری کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ عارف عزیز نے کہا ہے کہ رواں برس ملزم نے 27 اپریل کو کلفٹن کے ایک بنگلے میں واردات کی۔

ایس آئی یو کے مطابق گھر کا مالک پوری فیملی سمیت عمرے کی ادائیگی کے لیے گیا ہوا تھا، جسے واپسی پر 7 مئی کو چوری کا پتا چلا۔

ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزم سے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے برآمد کرلیے ہیں، جن میں کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے، سونے، چاندی کے زیورات شامل ہیں۔

ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق ملزم 2017 میں بلڈر اینڈ ڈیولپرز آفس میں بطور سیکریٹری کام کرتا تھا، جسے آفس میں چوری کرنے پر مالکان نے نوکری سے نکال کر گرفتار کروادیا۔

عارف عزیز کے مطابق ملزم 27 رمضان کو بنگلے میں داخل ہوا اور 2 دن تک اندر رہا اور 29 رمضان کی سحری کے وقت آن لائن ٹیکسی کے ذریعے ایئرپورٹ روانہ ہوگیا۔

ایس ایس پی کے مطابق ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد ٹیکسی کے جاتے ہی ملزم واپس اپنے گھر پہنچ گیا، تاہم اب پولیس کی گرفت میں آگیا ہے، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید