• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر :فوڈ انسپکٹرز کیخلاف سرکاری گندم خورد برد کرنے کا ریفرنس خارج

سکھر (بیور ورپورٹ)سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ خوراک کشمور،کندھ کوٹ کے سابق فوڈ انسپکٹرز پر نیب کی جانب سے سرکاری گندم میں خورد برد کرنے اور رقم واپس نہ کرنے پر داخل کئے گئے ریفرنس کو خارج کرتے ہوئے تین کروڑ روپے چار قسطوں میں دینے کا حکم دے دیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں محکمہ خوراک کشمور،کندھ کوٹ کے سابق دو فوڈ انسپکٹر ز عبدالغفار کلوڑ اور بشیر احمد ملک کی جانب سے نیب ریفرنس کے خلاف داخل کرائی گئی درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ سکھر کے جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران سابق فوڈ انسپکٹرز کے وکیل ذوالفقار علی سانگی نے عدالت کو بتایا کہ سال 2011اور2012ء میں عبدالغفار کلوڑ اور بشیر احمد ملک پر سرکاری گندم فلور ملز کو فروخت کر کے تین ، تین کروڑ روپے کی خورد برد کا الزام ہے ،اس معاملے کی نیب نے تحقیقات شروع کیں۔کیس میں سابق فوڈ انسپکٹرز نے عدالت سے عارضی ضمانت بھی کرائی تھی۔ فوڈ انسپکٹرز نے بعد میں نیب کو آدھی رقم واپس کی ، نیب کے مطابق بقایا رقم واپس نہ کرنے پر ان پر ریفرنس داخل کیا ہے مگر وہ مذکورہ رقم دینے کے لئے تیار ہیں نیب ریفرنس ختم کیا جائے، جس کے بعد عدالت نے سابق فوڈ انسپکٹرز کے خلاف داخل نیب ریفرنس خارج کرتے ہوئے مذکورہ رقم تین کروڑ چار قسطوں میں واپس کرنے کا حکم دیا ہے، واضح رہے کہ محکمہ خوراک نے سرکاری گندم میں خورد برد کے الزام میں مذکورہ افسران کو برطرف کردیا تھا۔
تازہ ترین