وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ سود کے خلاف قانون سازی کی گئی، دینی تعلیم کے ذریعے نئی نسل کو ایک سمت دی۔
پنجاب اسمبلی اجلاس سے خطاب میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان کے دور میں دین کا کام ہوا، کشمیر، فلسطین و شام کے مسلمانوں کےساتھ زیادتیوں پر بات کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی جماعت سے بی اے تک مفت تعلیم اور کتابیں بھی فری کر دی ہیں، سرکاری اسکول ہوں یا یونیورسٹیاں ہوں، ہم نے دینی تعلیمات پر کام شروع کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سود کے خلاف بھی قانون سازی کی گئی ہے، دینی تعلیم کے ذریعے بے راہ روی سے بچاکر پاکستان کی نئی نسل کو ایک سمت دی، یہ کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات دے رہے ہیں، جو ڈاکٹرز ایمرجنسی میں کام کرے گا، اس کی تنخواہ 3 گنا کریں گے۔
پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ نابینا افراد کے لئے اسکول بنائے، شہباز شریف نابیناؤں کو لاٹھیاں مارتے رہے، نوکریوں پر سے پابندیاں اٹھا رہے ہیں، ن لیگ سانپ بن کر نوکریوں پر بیٹھی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریر پر اسپیکر سبطین خان نے کہا کہ آپ عوام کی خدمت کریں گے تو دعاؤں کے ساتھ اجر بھی ملے گا۔