وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا ہے کہ حکومت ہر سیلاب متاثرہ شخص تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے، بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مخیر حضرات آگے آئیں اور ان کی مدد کریں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ مزید بارشوں سے سندھ کے کئی اضلاع بھی متاثر ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشوں سے نقصان ہوا ہے، 650 سے زائد افراد بارشوں میں جان کی بازی ہار گئے ہیں، حکومت پاکستان نے جاں بحق افراد کے لیے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ بارشوں کو مانیٹر کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، 25 ہزار روپے بے نظیر انکم پروگرام کے تحت ملیں گے، 15 لاکھ فیملیز کو 25، 25 ہزار روپے دے رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ڈی سی آفیسز نقصانات کا سروے کر رہے ہیں، این ڈی ایم اے اضلاع سے ڈیٹا لے کر ان کم سپورٹ پروگرام کے حوالے کرے گا، 34 ملین افراد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی خود ایک سازش ہیں، ملک میں اس وقت پریشانی ہے، لوگ بارشوں سے متاثر ہیں اور ایسے وقت میں عمران خان اپنے اداروں کی تذلیل کر رہے ہیں، جب عمران خان وزیر اعظم تھے، بارشیں ہوئیں تو وفاق نے کوئی مدد نہیں کی۔