• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس: صدر لاہور ٹیکس بار کا الیکشن کمیشن کو خط

صدر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن جمیل اختر بیگ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو خط لکھ دیا۔

جمیل اختر بیگ نے خط میں پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس میں آڈیٹر کی خدمات پر اٹھائے گئے سوالات پر بات کی ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس فیصلے سے تاثر گیا کہ آڈیٹرز نے آڈٹ درست انداز سے نہیں کیا، آڈیٹرز اپنی ڈیوٹیز سے غافل تھے۔

صدر لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے خط میں مزید کہا کہ کیو سی آر ریٹڈ فرم پر انگلیاں اٹھی ہیں، الیکشن کمیشن نے بھی اتنی اہم آڈٹ سروس کی اہمیت کو مد نظر نہیں رکھا۔

خط کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے وکلاء دلائل دینے میں محتاط نہیں تھے، انہوں نے ریلیف لینے کے لیے دھیان نہیں رکھا کہ آڈٹ کا ادارہ بدنام کیا جا رہا ہے۔

جمیل اختر بیگ کا خط میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وکلاء کے لیے جواز نہیں تھا کہ وہ آڈیٹرز کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کریں، آڈٹ کے پیشے کو اپنی مقاصد کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے خط کے ذریعے مطالبہ کیا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس فیصلے سے مشاہدہ اور وکیل کے بیان کو حذف کیا جائے، فیصلے کے حوالے سے وضاحت جاری کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید