• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے میچ چیلنج، شکست کا نہیں سوچ رہے، روہت شرما

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان سے میچ چیلنج ہے لیکن شکست کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے۔

دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران روہت شرما نے کہا کہ ٹورنامنٹ اسپنرز کا ہے یا نہیں، وقت بتائے گا، ابھی پچ نہیں دیکھی، تمام ہی ٹیموں کے ساتھ فاسٹ اور اسپن بولرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی اور جسپریت بومرہ دونوں ہی اپنی ٹیموں میں کوالٹی لاتے ہیں، ان کی جگہ جن کو بھی موقع ملے گا وہ اچھا ہی کریں گے۔

روہت شرما نے مزید کہا کہ ماضی میں جو بھی رزلٹ آیا، ہم نے اُس کو بھلا کر کھیلنا ہوگا، گزشتہ شکست سے دکھ ہوا تھا لیکن اُسے وقت گزر چکا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اُس شکست کے بعد ہم نے بہت میچ کھیلے ہیں اور اپنی غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

بھارتی کپتان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی اچھی ٹیمیں ہیں، میچ اب بھی چیلنج ہے لیکن شکست کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ بائیو سیکیور ماحول کی وجہ سے ہر کھلاڑی کو مشکل ہوئی، اگر کوئی کھلاڑی ذہنی طور پر متاثر ہونے کی بات کرتا ہے تو یہ غلط نہیں ہے، کھیل سے پہلے مینٹل ہیلتھ کا اچھا ہونا ضروری ہے۔

روہت شرما نے کہا کہ ہمارے لیے یہ غیر معمولی بات نہیں ہے کہ پاک بھارت کھلاڑی ایک دوسرے سے ملتے ہیں یا ہم فینز سے ملتے ہیں، ملنا جلنا عام بات ہوتا ہے، یہ ہر میچ سے پہلے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پاک بھارت اچھی ٹیمیں ہیں، دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کا یہ میچ صرف میچ سمجھ رہی ہیں، دونوں ہی ٹیم میچ میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گی۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ باہر بیٹھ کر میچ کو حد سے زیادہ اہمیت لوگ دیتے ہیں،میدان میں دونوں ہی ٹیموں کےلیے یہ ایک میچ ہے، جس پر ہمارا فوکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری میں کوئی کمی نہیں ہے 3 اچھے سیشنز ملے ہیں، ویرات کوہلی اچھے ٹچ میں لگ رہے ہیں اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی تازہ دم لگ رہے ہیں مجھے یہ سب دیکھ کر اچھا لگا۔

روہت شرما نے کہا کہ پاک بھارت باہمی سیریز کا آپشن میرے پاس ہوتا تو ضرور جواب دیتا، یہ معاملہ دونوں بورڈز اور دیگر لوگوں کے ہاتھ میں ہے، ہمیں جہاں کہتے ہیں، ہم وہاں کھیلنے پہنچ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت باہمی سیریز کا فیصلہ ہوتا ہے تو وہ بھی کھیلیں گے، ہم نے کھیلنا ہے پاکستان جا کر بھی کھیل لیں گے لیکن اس کا فیصلہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید