سیالکوٹ، لاہور، کراچی (نیوزایجنسیاں، نیوز ڈیسک)وفاقی وزراء خواجہ آصف ،اسحاق ڈار ، عطا تارڑ ،سینیٹر عرفان صدیقی اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نےکہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا ارادہ نہیں ہے ، بلا اشتعال فائرنگ کی خبریں من گھڑت ہیں ، بتایا جائے میتیں ، قبریں کہاں ہیں ؟خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے لاشوں کا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، وفاق پر تیسری بار حملہ ناکام بنادیا گیا، عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی 2019 کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈال رہی ہے، ڈی چوک کا بتاکر غزہ کی ویڈیوز پوسٹ کی جارہی ہیں، سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جتھہ انارکی پھیلانے کیلئے تیار تھا، فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیا، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی پراپیگنڈا سیل لاشیں ڈھونڈنے میں لگا ہوا ہے ، انہوں نے مردہ قرار دیئے گئے شخص کی ویڈیو بھی شیئر کردی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لاشوں کا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے ، ابھی تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی یا کسی مرنے والے کے وارثوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے نہ ایسا کوئی ثبوت سامنے آیا کہ وہاں خون ریزی ہوئی ہے، زخمی ضرور ہوئے مگر مرنے کی شہادت کوئی نہیں ملی، پی ٹی آئی جس طرح دھرنے سے دُم دبا کر بھاگی اس کی مثال نہیں ملتی۔ احتجاج کی جگہ تبدیل کرنے کی آفر پر عمران خان راضی تھے مگر بشریٰ بی بی نہیں مانی۔ 3 روز پہلے پی ٹی آئی نے پوری کوشش کی کہ معیشت کی تباہی ہو جائے، دھرنا اسلام آباد پہنچا تو وہاں انہیں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جبکہ کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی شہادت نہیں ملی۔ آج تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی، لطیف کھوسہ نے کہا ہمارے 278 لوگ مارے گئے ہیں، ہر لیڈر نے ہلاکتیں الگ الگ بتائیں کسی نے ہزار بندہ کہا کسی نے کچھ، مگر اب نمبر سنگل ڈیجٹ میں آگیا ہے۔ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سب چھوڑ کر بھاگ گئے۔2014 میں ان کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوگیا، دوسری دفعہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وجہ سے انہوں نے جلسہ رچایا، اب تیسری بار بیلاروس کے صدر و وفد کے دورے کو منسوخ کرنے کی کوشش کی گئی۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے جب ووٹنگ ہوئی تو 90 سے95 فیصد لوگ پٹھان تھے، ہمارے پختون بھائیوں نے پاکستان کا بہت نام روشن کیا، ہم نے جو بھی منزلیں طے کیں ان سب میں تمام صوبوں نے کردار ادا کیا، شرپسند ہر صوبے میں پائے جاتے ہیں۔پاراچنا میں قتل عام ہورہا ہے تب اس وزیراعلیٰ کا بنتا تھا اسلام آباد دھاوا بولنے کا؟ پاراچنا میں صوبائی حکومت کا کوئی رکن نہیں گیا، پاراچنا میں باقاعدہ طالبان کی پشت پناہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جعلی تصاویر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو کہا جا رہا ہے کہ کنٹینر پر نماز پڑھ رہا تھا وہ ٹک ٹاک بنا رہا تھا، اس مرتبہ مؤثر پراسیکیوشن سے ملزمان کو لازمی سزائیں دلوائیں گے۔عطا تارڑ کے مطابق پی ٹی آئی اپنے فرار کی شرمندگی سے بچنے کےلئے لاشوں کی سیاست کر رہی ہے، پی ٹی آئی اب تک ہلاکتوں کا کوئی ثبوت نہیں سامنے لائی، کوئی ویڈیو اور کوئی کوائف پیش نہیں کر سکی، کبھی لاشیں 100 ہوتی ہیں، کبھی 16 ہو جاتی ہیں اور کبھی 5 ہو جاتی ہیں، پی ٹی آئی والے راہ چلتے جہاں جنازہ دیکھتے ہیں وہاں اپنی پارٹی کا جھنڈا لگا دیتے ہیں جبکہ پمز اور پولی کلینک کا بیان ہے کہ ان کو کوئی لاش نہیں ملی۔وفاقی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ آپ کے لوگ اے کے 47 سے فائرنگ کر رہے تھے، تمام ٹی وی چینلز نے ان کو بھاگتے ہوئے دکھایا،جو رینجزر والے شہید ہوئے آپ نے ان کی ویڈیوز تو نہیں پوسٹ کیں، تین روز ہوگئے پی ٹی آئی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کی ویڈیو اب تک سامنے نہیں لائی۔