• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے ڈنڈوں سے عدلیہ پر حملہ کیا، ن لیگ والو شرم سے ڈوب جاؤ، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کہہ رہی ہے کہ عمران خان کے خلاف ایکشن لو، میں کہتا ہوں کہ ن لیگ والو شرم سے ڈوب جاؤ، نواز شریف نے ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔

گجرات میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ عدلیہ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی، عدلیہ کی عزت کی اور ہم ہمیشہ عدلیہ کو مضبوط کریں گے، ن لیگ والو اپنا منہ بند کرو، تم کبھی ایسی بات نہ کرنا کہ عمران خان پر توہین عدالت لگاؤ۔

 عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت بھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں شامل تھی، ہم نے قیمتوں کو بڑھنے نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر ملک آئی ایم ایف کو بیچنے کا الزام لگا۔ لیکن آج کی حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر مہنگائی کو 45 فیصد تک لے جاچکی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کارکنوں پر ظلم چلتا رہا تو اسلام آباد کا رخ کروں گا، پھر کسی کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ قوم کو حقیقی آزادی کے لیے جگانے کی کوشش کر رہا ہوں، اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ قوم کو جگا دیا، قوم میں شعور آ گیا، پہلے شعور آتا ہے اور اس کے بعد انقلاب آتا ہے، انقلاب حقیقی آزادی کا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں بڑا خواب دیکھا کرو، بڑی سوچ رکھا کرو، وہ انسان بڑا کام کرتا ہے جو بڑا خواب دیکھتا ہے، وہ انسان اوپر جاتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے اپنی قوم کو انصاف اور حقوق دینے ہیں، ہمیں حقیقی آزادی کی تحریک چلانی ہے، انصاف کا نظام ٹھیک کرنا ہے، ہم نے کمزور کو تحفظ دے کر آزاد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس لیے گوارا نہیں تھا کہ وہ کہتا تھا ایبسلوٹلی ناٹ، عمران خان کسی کی غلامی ماننے کو تیار نہیں تھا، عمران خان اپنے لوگوں کے لیے فارن پالیسی بنانا چاہتا تھا۔

 عمران خان نے کہا کہ اگر بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خرید سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں لے سکتے؟ امریکا ناراض ہو جائے گا اس لیے یہ روس سے سستا تیل نہیں لیں گے، پچھلے ملٹری ڈکٹیٹر نے امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیکے، 80 ہزار پاکستانی امریکی جنگ میں شہید ہوئے، امریکا سے کہتا ہوں ہم امن میں شریک ہیں جنگ میں نہیں۔

قومی خبریں سے مزید