لاہور کے علاقے شریف پورہ کے سوئمنگ پول میں قتل کی گئی 10 سالہ بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔
لاہور پولیس کے مطابق شریف پورہ کے سوئمنگ پول میں بچی کے قتل کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے، سامنے آنے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ زیادتی کے بعد بچی کو پانی میں غوطے دے کر قتل کیا گیا۔
لاہور پولیس نے بچی کی لاش سے ملنے والے شواہد کو فارنزک ایجنسی کو بھجوا دیا ہے، جس سے مزید حقائق کا تعین ہوسکے گا۔
پولیس کے مطابق سوئمنگ پول سے 10 سالہ بچی کی لاش 28 اگست کو ملی تھی، جس کے قتل کے شبہے میں سوئمنگ پول کا مالک گرفتار ہے۔
پولیس کے مطابق بچی کے قتل کا مقدمہ تھانہ مناواں میں درج ہے جبکہ سوئمنگ پول کے مفرور ملازم اسلم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔